
خلیج اردو
ایران نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کو مکمل سزا دیے بغیر جنگ ختم نہیں کی جائے گی۔ ایرانی فوج کے مشترکہ کمانڈ مرکز ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ اب صرف جوابی حملوں کی پالیسی ختم کر کے مسلسل حملوں کی حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔
ایرانی عسکری ترجمان کے مطابق ایران اب امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کے بحری جہازوں کو بھی ہدف بنا سکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو ایران سے پیشگی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض حلقوں کی جانب سے جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے بیانات قابل اعتماد نہیں، کیونکہ دو جہازوں نے ایسے دعووں پر یقین کیا مگر بعد میں انہیں روک لیا گیا۔
ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو مصنوعی طریقوں سے کم نہیں کیا جا سکتا اور حالات کو دیکھتے ہوئے تیل کی قیمت 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کی توقع کی جا سکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور بحری جہازوں کو لاحق خطرات عالمی توانائی کی منڈی اور سمندری تجارت پر گہرے اثرات ڈال سکتے ہیں۔






