
خلیج اردو
امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے محفوظ تیل کے ذخائر سے 17 کروڑ 20 لاکھ بیرل تیل جاری کرے گا تاکہ عالمی توانائی بحران پر قابو پایا جا سکے اور مارکیٹ میں استحکام قائم رہے۔ یہ تیل آئندہ ہفتے فراہم کیا جائے گا۔
عالمی توانائی ایجنسی کے تحت شامل 32 ممالک نے مجموعی طور پر 40 کروڑ بیرل تیل جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس میں امریکہ کا حصہ 17 کروڑ 20 لاکھ بیرل ہوگا۔ امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ کے مطابق یہ اقدام عالمی توانائی منڈیوں میں استحکام لانے اور امریکی توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
کرس رائٹ نے بتایا کہ سٹریٹیجک ذخائر سے تیل کی فراہمی میں تقریباً 120 دن لگیں گے تاکہ مارکیٹ کو مناسب وقت پر تیل فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ کی قیادت میں امریکہ کی توانائی کی سلامتی پہلے کی طرح مضبوط ہے اور یہ اقدام اسی مضبوطی کی عکاسی کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں استحکام لانے اور خطے میں توانائی کے بحران کے اثرات کو کم کرنے کے لیے اہم قدم ہے۔







