
خلیج اردو
ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے ردعمل دیتے ہوئے اسے صہیونی ریاست کے خلاف کارروائی قرار دیا ہے۔
حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے بیان میں کہا کہ “جارح ممالک آزاد ایرانی قوم کا عزم نہیں توڑ سکتے” اور یہ اقدامات غزہ میں ہزاروں افراد کی ہلاکتوں کا ردعمل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے اور ایران کو اسلامی دنیا کے دفاع کی پہلی لائن قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران اپنی طاقت استعمال نہ کرے تو اسرائیل دیگر مسلم ممالک کے خلاف بھی جارحانہ اقدامات کر سکتا ہے۔
ابو عبیدہ نے مسلم اُمہ سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل اور امریکا کے خلاف متحد ہو جائے تاکہ خطے میں طاقت کا توازن قائم کیا جا سکے۔
یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی عروج پر ہے اور ایران و اسرائیل کے درمیان براہ راست حملوں نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایسے بیانات خطے میں کشیدگی کو مزید ہوا دے سکتے ہیں اور سفارتی حل کی راہ کو پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔






