
خلیج اردو
غزہ میں قائم حکومتی ایمرجنسی کمیٹی نے اپنی انتظامیہ تحلیل کرنے اور تمام انتظامی اختیارات غزہ کی قومی انتظامی کمیٹی (این سی اے جی) کے حوالے کرنے پر آمادگی کا اعلان کر دیا ہے۔
غزہ حکومت کے میڈیا آفس کے ڈائریکٹر اسماعیل الثوابتہ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی قیادت نے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے اور انتظامی اختیارات مکمل طور پر قومی انتظامی کمیٹی کے سپرد کرنے کے لیے تیار ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ غزہ میں جاری جنگ، اسرائیلی محاصرے، تعمیرِ نو میں تاخیر اور اسرائیل کی جانب سے علاقے سے انخلا سے انکار کے تناظر میں فلسطینی عوام کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
ایمرجنسی کمیٹی کے مطابق اختیارات کی منتقلی کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ ثالثی کرنے والے ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ قومی انتظامی کمیٹی کی فوری غزہ آمد اور انتظامی ذمہ داریاں سنبھالنے کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے اور معمولاتِ زندگی کی بحالی میں مدد ملے۔
اس اعلان کے بعد غزہ کی سیاسی و انتظامی صورتحال میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، تاہم اختیارات کی منتقلی کے عملی مراحل اور اس پر مختلف فلسطینی دھڑوں کا ردِعمل آئندہ دنوں میں واضح ہوگا۔







