
خلیج اردو
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو ڈیجیٹل مارکیٹنگ سروسز فراہم کرتا تھا، جبکہ تحقیقات میں اس کی سرگرمیوں کے مبینہ روابط بھارت سے سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مواد کو وائرل کرنے کے لیے آنے والی ادائیگیوں کی تحقیقات کے دوران ایک مبینہ ڈس انفارمیشن نیٹ ورک کا انکشاف ہوا، جہاں مختلف ٹرول فارمز، بوٹ اکاؤنٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پاکستان، ریاستی اداروں اور مسلح افواج کے خلاف مواد پھیلایا جا رہا تھا۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق زیر حراست شخص نے دورانِ تفتیش کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے متعلق مواد اور اس کے مبینہ بیرونی روابط کے بارے میں معلومات فراہم کیں، جبکہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس ایسے عناصر کے بیرونی روابط کے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں جو کشمیر میں بدامنی، پاکستان اور کشمیر کے تعلقات کو نقصان پہنچانے اور ریاست مخالف بیانیہ فروغ دینے کی کوشش کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سوشل میڈیا مواد کی تشہیر کے لیے ہونے والی ادائیگیوں کے روابط بھی بھارت سے ملے ہیں، جبکہ ڈیجیٹل ڈیٹا کی مدد سے فنڈنگ کے ذرائع اور ادائیگیوں کے طریقہ کار کا سراغ لگایا گیا ہے۔
ان کے مطابق مبینہ طور پر بھارتی آپریٹر کے ساتھ واٹس ایپ چیٹس، چھوٹی چھوٹی ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز، مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصاویر اور پرانی ویڈیوز کو کشمیر سے منسوب کر کے گمراہ کن مہم چلانے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وی پی این کے استعمال کے باوجود جدید تکنیکی ذرائع سے سوشل میڈیا سرگرمیوں، ٹرول فارمز اور بیرونی روابط کا سراغ لگایا جا سکتا ہے، جبکہ متعدد اکاؤنٹس کی نگرانی اور تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست مخالف پروپیگنڈا، فرقہ واریت، تشدد اور مس انفارمیشن کے فروغ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، اور تحقیقات مکمل ہونے پر تمام شواہد قوم کے سامنے رکھے جائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے سفارتی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، بیرونی فنڈنگ کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی، اور پاکستان کی عزت، وقار اور مثبت تشخص کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔







