
خلیج اردو
لاہور کے تھانہ غازی آباد میں ایک ذہنی معذور لڑکی کو تھانے بلا کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں پولیس کے اے ایس آئی کو گرفتار کر لیا گیا۔
انگریزی اخبار ڈان کے مطابق تھانہ غازی آباد کے انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات اے ایس آئی پر الزام ہے کہ اس نے لڑکی کو تھانے بلایا اور مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
واقعے میں مبینہ غفلت اور مناسب کارروائی نہ کرنے پر تھانہ غازی آباد کے ایس ایچ او سمیت آپریشن ونگ کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی گئی ہے۔
روزنامچہ رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او شہریار سمیت 78 پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے کلوز لائن کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اور ایس ایس پی آپریشنز نے تھانہ غازی آباد کا اچانک دورہ کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ مبینہ زیادتی کے الزام کی قانونی کارروائی اور شواہد کی بنیاد پر مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔







