خلیج اردو: دبئی میں ایک غیر ملکی شخص کے ہاں چند روز قبل بیٹے کی پیدائش ہوئی تو جذبات میں آ کر اس نے اپنے گھر پر شاندار آتش بازی اور فائر کریکرز کا اہتمام کیا۔
حتی کہ خوشی سے سرشار والد نے اس آتش بازی کی ویڈیو بھی بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرڈالی جس میں وہ لوگوں کو اپنے بیٹے کی پیدائش سے آگاہ کرتا ہے۔
چونکہ اماراتی قانون کے مطابق لوگوں کا آتش بازی اور پٹاخے چلانا سختی سے منع ہے ،جس پر بھاری جرمانہ اور سزا بھی ہوتی ہے، اسلئے اس واقعے کی ویڈیو سامنے آتے ہی والد کو گرفتار کر لیا گیا اور اسکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آتش بازی کا اہتمام کر کے شخص نے آس پاس کے گھروں میں مقیم افراد کی جان و مال کو خطرے میں ڈالا ہے۔ امارات میں پہلے بھی آتش بازی سے کئی افراد زخمی اور معذور ہو چکے ہیں۔اور کئی افراد کا قیمتی سامان بھی جل چکا ہے۔ اپنے بچوں کو آتش بازی کے سامان جیسی خطرناک تفریح سے باز رکھیں۔۔ مملکت میں آتش بازی کا سامان فروخت کرنا ممنوع ہے ۔ اماراتی قانون کے مطابق اگر کوئی شخص بغیر لائسنس آتش بازی کا سامان فروخت کرتا پکڑا گیا تو اسے کم از چھ ماہ قید یا 10 ہزار درہم جرمانے کی سزا ہو گی۔






