خلیج اردو: دُنیا بھر میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے تاہم کچھ اسلامی ممالک میں شرپسند عناصر نے کورونا ویکسین کے بارے میں بے بنیاد پراپیگنڈہ بھی کیا۔ایک پراپیگنڈہ یہ بھی تھا کہ ویکسین لگوانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔ سعودی عرب کے مفتی اعظم نے ویکسین لگوا کر اس پراپیگنڈے کو جھوٹا اورحقیقت سے دُور قرار دے دیا۔
اسی طرح امارات کے مفتی اعظم نے بھی کورونا ویکسین لگوانے کے حق میں بیان دیا تھا۔
اس سلسلے میں برطانیہ کی میڈیکل ایسوسی ایشن کا بھی اہم بیان آ گیا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق برطانیہ کی اسلامی میڈیکل ایسوسی ایشن نے اس رائے کا اظہار کیا ہے کہ رمضان المبارک میں کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں اسلامی علماء کی رائے کے حوالے سے کہا ہے کہ ”اس وقت برطانیہ میں لگائی جانے والی ویکسین سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔
اس لیے لوگوں کو محض روزے کی بنا پر کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے کا عمل موٴخر نہیں کرنا چاہیے۔“اس نے بیان میں مزید کہا ہے کہ ”اگر غیرخوراک کے مقاصد کے لیے پٹھوں اور جوڑوں میں ویکسین کا انجیکشن لگایا جائے تو اس سے روزے پر کچھ فرق نہیں پڑتا۔خواہ ٹیکے میں لگایا گیا مواد دوران خون میں شامل ہوجائے تو تب بھی روزہ نہیں ٹوٹتا۔اس وقت کووِڈ-19 کی ویکسین صرف پٹھوں ہی میں لگائی جارہی ہے۔
اس لیے اس سے روزہ کشا نہیں ہوتا۔“اسلامی میڈیکل ایسوسی ایشن نے برطانیہ میں کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں محاذاوّل پر کام کرنے والے مسلم ورکروں کی تشویش دور کرنے کی کوشش کی ہے۔اس کا کہنا ہے کہ رمضان میں روزے کی حالت میں کووِڈ-19 کی ویکسین کی پہلی یا دوسری خوراک لگوائی جاسکتی ہے اور اس کو نہ لگوانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔یہ حلال اجزاء پر مشتمل ہے اور علماء کی رائے میں اس کو روزے کی حالت میں لگوایا جاسکتا ہے۔







