
خلیج اردو: ابوظبی کا مشہور ریسٹورنٹ ’دی ایکسپریس دربار ریسٹورنٹ‘ بند کر دیا گیا ہے۔
جس کی وجہ قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یہ ریسٹورنٹ المفرق کے علاقے میں واقع ہے۔ المفرق کے انڈسٹریل ایریا میں واقع اس ریسٹورنٹ کی جانب سے خوراک کی سٹوریج اور اسے محفوظ طریقے سے پیش کرنے کے معاملے میں سنگین غفلت سامنے آئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے بھی اس ریسٹورنٹ کو فوڈ سیفٹی کی خلاف ورزی پر 3 بار جرمانہ عائد ہو چکا ہے اور تین بار وارننگ بھی جاری کی گئی تھی۔
تاہم ریسٹورنٹ انتظامیہ کی جانب سے فوڈ سیفٹی رولز کی بار بار خلاف ورزی بند نہ کی گئی۔ جس کے باعث اس ریسٹورنٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔ ابوظبی ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے انسپکٹرز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ ریسٹورنٹس فوڈ سیفٹی قواعدپر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہا ہے جس کے باعث یہاں آنے والے گاہکوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو رہے تھے۔
اتھارٹیز کی جانب سے لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فوڈ پوائنٹس پر خوراک اور حفظان صحت سے متعلق معیارات پر کڑی نگاہ رکھیں۔ اگر کسی ریسٹورنٹ یا کیفے ٹیریا میں صفائی یا خوراک کے ناقص ہونے سے متعلق معاملہ درپیش ہو تو 800 55 پر اطلاع دیں۔ یہ ریسٹورنٹ المفرق انڈسٹریل سٹی میں واقع ہے جہاں پر بہت سی دکانیں، فیکٹریاں، دفاتر اور کارکنان کے رہائشی یونٹس واقع ہیں۔ یہ علاقہ الوثبہ کے گنجان آباد علاقے کے بھی قریب ہے۔ المفرق انڈسٹریل سٹی میں ایک بہت بڑا ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی موجود ہے۔







