
خلیج اردو: دنیا میں ایک ملک ایسا بھی ہے جہاں شادی کرنے والے جوڑے کو اس خرچے سے بچنے کیلئے لاکھوں روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اٹلی کے علاقے لازیو میں شادی کرنے والے جوڑے کو 2 ہزار یوروز( یعنی 3 لاکھ روپے سے زائد پاکستانی روپے) شادی کے لیے ہال، کھانے ، کپڑے، فوٹوگرافر اور دیگر خرچوں کیلئے دیے جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے اس مہم کو ان لازیو ود لوو (Un Lazio with Love) کا نام دیا ہے ۔
رپورٹس کے مطابق شادی کرنے والے جوڑے کو رقم دینے کا مقصد شادی کے شعبے کو کورونا وائرس کے نقصان سے بچانا ہے اوراس متاثرہ ویڈنگ سیکٹر کو دوبارہ بحال کرنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دلچسپ پیشکش یکم جنوری سے 31 دسمبر 2022 تک ہے جبکہ اس سے اطالوی شہریوں کے ساتھ غیر ملکی سیاح بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ جوڑے اپنی درخواستیں اور رسیدیں فراہم کر سکتے ہیں جس پر انہیں شادی پر خرچ کی گئی رقم مل جائے گی۔







