عالمی خبریں

صدر ٹرمپ کا امریکی کرپٹو ریزرو کا اعلان، کرپٹو مارکیٹ میں تیزی

خلیج اردو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کرپٹو ریزرو کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو دنیا کا کرپٹو دارالحکومت بنایا جائے گا۔ اس اعلان کے بعد پانچ بڑی کرپٹو کرنسیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق، صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق جنوری میں جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر کے تحت حکومت بٹ کوائن، ایتھر، ایکس آر پی، سولانا اور کارڈانو جیسی کرپٹو کرنسیوں کا ذخیرہ رکھے گی۔ اس سے قبل ان مخصوص کرنسیوں کے ناموں کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

اتوار کے روز کاروباری سرگرمیوں کے دوران انہی ڈیجیٹل اثاثوں کی قیمتوں میں 8 سے 62 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹرمپ کے حکمنامے میں صدارتی ورکنگ گروپ کو کرپٹو اسٹریٹجک ریزرو کی تیاری پر کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جس میں ایکس آر پی، سولانا اور کارڈانو شامل ہوں گے۔

صدر ٹرمپ جمعہ کو وائٹ ہاؤس میں پہلے کرپٹو سمٹ کی میزبانی بھی کر رہے ہیں، جہاں کرپٹو انڈسٹری کے ماہرین، سرمایہ کار اور پالیسی ساز شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ، ٹرمپ کی فیملی نے بھی اپنے کرپٹو کوائن لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس پر کرپٹو مارکیٹ میں مزید جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد امریکہ کو ڈیجیٹل اثاثوں کا عالمی مرکز بنانا ہے، تاکہ کرپٹو انڈسٹری میں ملک کی برتری کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button