پاکستانی خبریں

بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے قریب ٹوبہ کاکڑی میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 4 اہم دہشتگرد گرفتار ، کلاشنکوفیں، دستی بم اور دیگر آتشیں اسلحہ برآمد

خلیج اردو
راولپنڈی: بلوچستان کے علاقے ٹوبہ کاکڑی میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 4 اہم دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار دہشتگردوں سے کلاشنکوفیں، دستی بم اور دیگر آتشیں اسلحہ برآمد ہوا۔ دہشتگردوں نے دہشتگردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا ہے۔

گرفتار دہشتگرد اسام الدین نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ وہ افغانستان سے پاکستان میں سرحدی باڑ کے ذریعے تین دن پہلے چوری چھپے داخل ہوئے تھے اور ان کا مقصد پشین جانا تھا۔ اسام الدین نے مزید کہا کہ ان کے پاس دو کلاشنکوفیں، دو بندوقیں اور ایک گرنیڈ موجود تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان سے دہشتگردوں کی پاکستان میں دراندازی میں اضافہ ہو رہا ہے اور مختلف دہشتگرد تنظیموں کو افغان طالبان کی مکمل حمایت، سہولت کاری اور سرپرستی حاصل ہے۔ اس آپریشن کی کامیابی میں مقامی لوگوں کا اہم کردار رہا، جنہوں نے سیکیورٹی فورسز کی مدد کی۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کی لہر میں اضافے کی بنیادی وجہ افغانستان میں موجود دہشتگرد تنظیمیں ہیں، جو پاکستان کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے اور اس پر فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل بھی کئی افغان دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں، جن میں افغان صوبہ باغدیس کے گورنر کا بیٹا خارجی بدرالدین بھی شامل تھا۔ 28 فروری 2025 کو ہلاک ہونے والا افغان دہشتگرد مجیب الرحمان افغانستان کی حضرت معاذ بن جبل نیشنل ملٹری اکیڈمی میں کمانڈر تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button