
خلیج اردو
لاہور، 6 مارچ – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بغیر کسی پیشگی اطلاع کے میو ہسپتال پہنچ گئیں، جہاں مریضوں اور ان کے لواحقین نے شکایات کے انبار لگا دیے۔ ہسپتال میں ناقص انتظامات اور سہولیات کے فقدان پر وزیراعلیٰ نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی سرزنش کی اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور مریضوں سے ان کے مسائل دریافت کیے۔ دورانِ دورہ انہوں نے ہسپتال میں ناقص صفائی، ناکافی سہولیات اور مریضوں کو درپیش مشکلات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے ایم ایس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا اللہ کو جواب نہیں دینا؟ میو ہسپتال کے حالات انتہائی خراب ہیں۔ آپ کو معلوم ہی نہیں کہ کس وارڈ میں کیا ہو رہا ہے۔ شکر کریں میں آپ کو گرفتار نہیں کرا رہی۔
کارڈیالوجی وارڈ میں کیڑے مکوڑے پائے جانے کی شکایت پر وزیراعلیٰ مزید ناراض ہوگئیں اور متعلقہ حکام کو فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے انتظارگاہ اور ہسپتال کے مختلف حصوں میں کھڑے مریضوں اور ان کے اہلخانہ کی شکایات بھی سنیں اور انہیں جلد از جلد حل کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہسپتال انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ مریضوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کو یقینی بنایا جائے، ورنہ مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔






