پاکستانی خبریں

کم عمری میں زائد العمر شخص سے محبت کی، مگر وہ راضی نہ ہوا،اداکارہ سحر ہاشمی کا انکشاف

خلیج اردو
لاہور: اُبھرتی ہوئی اداکارہ سحر ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کم عمری میں ایک زائد العمر شخص سے محبت ہوگئی تھی، تاہم وہ شخص ان کے جذبات کو قبول کرنے پر آمادہ نہ ہوا۔

سحر ہاشمی نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ اسکول میں زیرِ تعلیم تھیں تو انہیں اپنے سے چند سال بڑے شخص سے محبت ہوئی، مگر اُس شخص نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ وہ ابھی بہت چھوٹی ہیں، اس لیے ان کے درمیان کوئی تعلق ممکن نہیں۔

اداکارہ کے مطابق ان دونوں کی عمروں میں زیادہ سے زیادہ چھ سال کا فرق تھا، لیکن انکار کے بعد آج تک کوئی دوسرا شخص انہیں پسند نہیں آیا۔

اداکاری سے متعلق بات کرتے ہوئے سحر ہاشمی نے بتایا کہ بچپن میں انہیں اداکاری کا کوئی شوق نہ تھا، مگر فلم اور ڈرامہ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اُن میں یہ جذبہ پیدا ہوا۔ انہوں نے فلم اینڈ ڈرامہ میں گریجوئیشن کر رکھا ہے، اور ابتدا میں ان کی دلچسپی ہدایت کاری میں تھی، تاہم وقت کے ساتھ وہ اداکارہ بن گئیں۔

سحر ہاشمی کا کہنا تھا کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں آئے ہوئے ابھی دو سال بھی مکمل نہیں ہوئے، مگر خوش قسمتی سے بڑے منصوبوں میں کام کرنے کا موقع ملا، جس سے وہ مقبول ہو گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں بچپن میں دلہن بننے کا شوق تھا، اور وہ اکثر سوچتی تھیں کہ بڑی ہوکر سرخ جوڑا پہنیں گی۔ خوبصورتی کے حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ بچپن سے لے کر اب تک سب ان کی خوبصورتی کی تعریف کرتے آئے ہیں، تاہم بعض افراد حسد بھی کرتے ہیں۔

یک طرفہ محبت پر گفتگو کرتے ہوئے سحر ہاشمی نے کہا کہ ایسی محبت تکلیف دہ ہوتی ہے، اور انسان کو یک طرفہ محبت سے گریز کرنا چاہیے۔

اپنی اداکاری کے رجحان سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ خود مختار عورتوں کے کردار ادا کرنا پسند کرتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ مستقبل میں بھی ایسے ہی مضبوط کردار ملیں۔ سحر ہاشمی نے سجل علی کو اپنی پسندیدہ اداکارہ قرار دیا اور کہا کہ وہ فیصل قریشی، عمران اشرف، بلال عباس اور شہریار منور کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button