سپورٹس

آئی سی سی کا ون ڈے کرکٹ میں بڑی تبدیلی پر غور، دو نئی گیندوں کے استعمال کو مرحلہ وار ختم کرنے کی تجویز

خلیج اردو
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں دو نئی گیندوں کے استعمال کو ختم کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ اس حوالے سے آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی نے سفارش دی ہے کہ ون ڈے میچز میں دوسری نئی گیند کو مرحلہ وار ختم کیا جائے۔

مجوزہ تبدیلی کے تحت باؤلنگ سائیڈ میچ کے آغاز پر دو نئی گیندوں سے کھیل کا آغاز کر سکے گی، تاہم 25 اوورز کے بعد ان دونوں میں سے صرف ایک گیند کو باقی ماندہ میچ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ باؤلنگ ٹیم کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ دونوں گیندوں میں سے کسی ایک کو منتخب کرے اور اسی گیند سے کھیل جاری رکھے۔

اس اہم تبدیلی کا بنیادی مقصد ریورس سوئنگ کے امکانات کو دوبارہ متعارف کرانا ہے، جو موجودہ قوانین کے تحت ممکن نہیں ہو پا رہا کیونکہ گیند زیادہ دیر تک چمکدار حالت میں رہتی ہے۔ ماہرین کے مطابق گیند کے پرانے ہونے سے جہاں ریورس سوئنگ کا موقع ملتا ہے، وہیں بولرز کو کھیل میں متوازن کردار ادا کرنے کا موقع بھی حاصل ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے 2011 میں ون ڈے کرکٹ میں دو نئی گیندوں کے استعمال کا قانون متعارف کرایا تھا، جس پر بولرز اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے وقتاً فوقتاً تنقید کی جاتی رہی ہے۔ اس تجویز کی منظوری کی صورت میں ون ڈے فارمیٹ میں بولنگ کا توازن بہتر ہونے کی توقع ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button