
خلیج اردو
لاہور: پاکستان کی سابق نیوز اینکر اور ٹی وی میزبان رابعہ انعم نے دعویٰ کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری کے بہت سارے مرد اپنی بیویوں پر تشدد کرتے ہیں، اور ان کی بیویاں چپ چاپ برداشت کرتی ہیں۔ رابعہ انعم نے وضاحت دی کہ ماضی میں وہ ندا یاسر کے مارننگ شو سے کیوں اٹھ کر چلی گئی تھیں اور بتایا کہ ان کے اور ندا یاسر کے درمیان کبھی کوئی دشمنی نہیں رہی اور اب ان کے درمیان صلح ہو چکی ہے۔
اسی شو میں رابعہ انعم نے کہا کہ وہ خواتین پر تشدد اور گھریلو تشدد کے خلاف آواز اٹھانے میں ہمیشہ متحرک رہی ہیں۔ انہوں نے ایک فیصلہ کیا اور اس کے خلاف مہم چلائی، جس کے بعد انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت میں گھریلو تشدد کرنے والوں کے ساتھ نہیں کھڑی ہو سکتیں۔
رابعہ انعم نے شوبز انڈسٹری کے مردوں کے بارے میں کہا کہ بہت سارے مرد اپنی بیویوں پر تشدد کرتے ہیں، اور ان کی بیویاں چپ چاپ یہ تشدد برداشت کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تشدد برداشت کرنے والی بیویاں خاموش ہیں، تو وہ خود کو آواز بلند کرنے کے لیے کیوں مجبور کریں؟ ان کا کہنا تھا کہ وہ چیمپیئن نہیں ہیں کہ ہر کسی کے پاس جا کر انہیں آواز اٹھانے کا کہے، جب وہ خود برداشت کر رہی ہیں اور اس بات سے خوش ہیں تو انہیں کیا مسئلہ ہو سکتا ہے۔
اگرچہ رابعہ انعم نے یہ دعویٰ کیا کہ شوبز انڈسٹری کے مرد اپنی بیویوں پر تشدد کرتے ہیں، تاہم انہوں نے کسی کا بھی نام نہیں لیا۔ ان کے اس بیان کے بعد شوبز انڈسٹری کی جوڑیوں پر سوالات اٹھ رہے ہیں، خاص طور پر جب فیروز خان اور محسن عباس حیدر جیسے اداکاروں کی بیویوں نے طلاق کے بعد گھریلو تشدد کے الزامات عائد کیے ہیں۔






