
خلیج اردو
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے گورننس، اسکالرشپس اور دیگر شعبوں میں شفافیت کے فروغ کے لیے جدید آئی ٹی ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایت کی ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے مثبت استعمال کے ذریعے گورننس کی بہتری کیلئے قابل عمل منصوبہ تیار کیا جائے۔
محکمہ آئی ٹی کے مشاورتی اجلاس میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ اے آئی کے منفی استعمال کی روک تھام اور اس کے مثبت پہلوؤں کو فروغ دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کو ڈیجیٹل گورننس کی طرف لے جانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور نوجوانوں کو مستقبل کے تکنیکی چیلنجز کیلئے تیار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں شفافیت، ڈیجیٹل سہولتوں کی فراہمی اور نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔






