
خلیج اردو
لاہور:لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے پولیس کی جانب سے پتنگ بازوں کو گنجا کر کے سوشل میڈیا پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے کہا کہ پولیس نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز اپ لوڈ کیں جن میں لوگوں کو گنجا کر کے انڈین گانے لگا کر مذاق بنایا گیا، یہ کسی ڈسپلن فورس کے شایانِ شان نہیں۔
جسٹس علی ضیا باجوہ نے ریمارکس دیے کہ پولیس کوئی ذاتی جاگیر نہیں، قانون کے مطابق سزا دینا ریاست کا کام ہے، چاہے کوئی کالا چور ہی کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے آفیشل پیج پر ایسی ویڈیوز اپ لوڈ کی گئیں، جو ناقابلِ قبول ہیں۔
عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو کل عدالت میں پیش ہو کر وضاحت دینے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے رجسٹرار آفس کا متعلقہ فورم سے رجوع نہ کرنے کا اعتراض بھی ختم کر دیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پولیس نے پتنگ بازی کے الزام میں گرفتار افراد کو گنجا کر کے ان کی تضحیک آمیز ویڈیوز بنائیں اور انہیں سوشل میڈیا پر وائرل کیا، جو انسانی وقار کی خلاف ورزی ہے۔
عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔






