
خلیج اردو
غزہ:غزہ میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے تازہ بمباری کے دوران علاقے کے آخری مکمل فعال ال اہلی عرب ہسپتال کو بھی تباہ کر دیا، جس سے شہر میں طبی سہولیات کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو گیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق، حملے میں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ اور سرجری ڈیپارٹمنٹ بری طرح متاثر ہوئے، دو منزلہ عمارت سے شعلے اور دھواں بلند ہوتا رہا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ حملے کے وقت مریض اور تیماردار اپنی جانیں بچانے کیلئے ہسپتال سے بھاگ رہے تھے۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ ہسپتال پر حملے کا مقصد حماس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو نشانہ بنانا تھا، اور اس دوران حماس کے اسنائپر یونٹ کے ڈپٹی کمانڈر کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق، غزہ کے علاقے دیر البلح میں ہونے والے ایک اور اسرائیلی حملے میں چھ بھائیوں سمیت 37 افراد شہید ہو گئے۔ صیہونی فوج کی گزشتہ 48 گھنٹوں میں 90 اہداف پر شدید بمباری کی گئی ہے۔
حکومتی میڈیا دفتر کے مطابق، شہادتوں کی اصل تعداد بہت زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ اب تک مجموعی شہادتیں 61 ہزار 700 سے تجاوز کر چکی ہیں۔
غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری نے انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے اور عالمی برادری کی خاموشی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔







