خلیج اردو
ممبئی:بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو ایک بار پھر جان سے مارنے کی سنگین دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، ممبئی کے ورلی ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے واٹس ایپ نمبر پر ایک نامعلوم شخص نے نہ صرف سلمان خان کو گھر میں گھس کر قتل کرنے کا دعویٰ کیا بلکہ ان کی گاڑی کو بم سے اڑانے کی دھمکی بھی دی۔
ورلی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں بھی سلمان خان کو جان سے مارنے اور پانچ کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کرنے والا شخص گرفتار کیا گیا تھا، جو خود کو گینگسٹر ظاہر کرتا تھا۔
اس سے قبل بھی بھارت کے بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے سلمان خان کو متعدد مرتبہ جان سے مارنے اور تاوان کی دھمکیاں دی جا چکی ہیں۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سلمان خان کے قریبی دوست اور سیاست دان بابا صدیقی کا قتل بھی اسی گینگ نے کیا تھا۔







