
خلیج اردو
ڈھاکہ: ڈھاکہ کی ایک عدالت نے بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی نواسی اور برطانوی رکن پارلیمنٹ ٹیولپ رضوانہ صدیق کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ڈھاکہ کے ڈپلومیٹک ایریا میں ایک قیمتی پلاٹ حاصل کیا اور جوہری معاہدے میں 4 ارب پاؤنڈ کے مبینہ مالی گھپلے میں ملوث رہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، ٹیولپ صدیق پر عائد الزامات کا تعلق ان کی خالہ اور موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے دور حکومت سے ہے۔ ان الزامات کے منظر عام پر آنے کے بعد انہوں نے جنوری میں برطانیہ کی وزیر برائے اقتصادی امور کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ٹیولپ صدیق نے تمام الزامات کو بے بنیاد اور سیاسی انتقام قرار دیا ہے، جبکہ ان کے وکلا کا کہنا ہے کہ انہوں نے نہ کبھی بنگلہ دیش میں زمین حاصل کی اور نہ ہی کسی کو فائدہ پہنچایا ہے۔







