
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے، اور ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے تنگ نظر عناصر ہیں۔ اسلام آباد میں جناح اسکوائر مری روڈ انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کوئی ’شہباز سپیڈ‘ یا ’محسن نقوی سپیڈ‘ نہیں بلکہ ’پاکستان سپیڈ‘ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا حکومت اور مسلح افواج کا مشترکہ وژن ہے۔ این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا حصہ دوگنا کر دیا گیا ہے، جبکہ بلوچستان کا وہ ریلوے ٹریک جو اب تک دو ہزار کے قریب جانیں نگل چکا ہے، اسے خونی ٹریک سے ہائی وے میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کی ترقی ملک کی ترقی ہے، اور اگر کوئی ایک پیچھے رہ جاتا ہے تو یہ سب کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کی بہترین کاوشوں کے نتیجے میں عالمی سطح پر پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم سے وعدہ ہے کہ وہ یہ انڈر پاس 60 کے بجائے 35 دن میں مکمل کروا کر افتتاح کرائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل مسجد چوک پر ٹریفک کے ہجوم کو کم کرنے کیلئے بھی کام شروع کر دیا گیا ہے اور اسلام آباد کو آئندہ دنوں میں مزید خوبصورت بنایا جائے گا۔






