پاکستانی خبریں

باہمی اختلافات بھلا کر دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہو جائیں،وزیراعظم کا دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کا عزم، اسمگلنگ اور امن و امان پر اہم ہدایات

ہماری سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان اور افسران دن رات دہشت گردوں سے نبرد آزما ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں،وزیراعظم

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں جاری دہشت گردی، اسمگلنگ اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی اختلافات بھلا کر دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہو جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان اور افسران دن رات دہشت گردوں سے نبرد آزما ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے قومی سطح پر جہاد جاری رہے گا اور دہشت گردوں کو ایسی عبرتناک شکست دی جائے گی کہ وہ دوبارہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کر سکیں۔

شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے دشمن ہماری معاشی کامیابیوں سے خائف ہیں، اور ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تمام ادارے اور صوبے متحد ہیں۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور کاروائیوں میں شامل تمام اداروں اور صوبوں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ وفاقی حکومت انتہاپسندی کے مکمل خاتمے کے لیے صوبوں کی استعداد کار بڑھانے میں بھرپور تعاون کرے گی۔

انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک پر بھی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے اور انہیں قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔ انہوں نے ملک کے اہم شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت بھی جاری کی۔

دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبے مل کر کام کر رہے ہیں جو ایک خوش آئند عمل ہے۔ اجلاس میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے اب تک کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button