
خلیج اردو
16 اپریل 2025
اسلام آباد: برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ افغان طالبان نے امریکی فوج کے چھوڑے گئے 5 لاکھ ہتھیار دہشت گردوں کو بیچ دیے ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ القاعدہ سے منسلک تنظیموں کے پاس بھی پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق طالبان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی کو بتایا کہ فوجی ساز و سامان میں سے کم از کم نصف کا حساب نہیں دے سکتے۔ طالبان نے 2021 میں افغانستان میں اقتدار میں آنے کے بعد تقریباً 10 لاکھ ہتھیار اور فوجی ساز و سامان اپنے قبضے میں لیا تھا۔
بلیک مارکیٹ اور واٹس ایپ پر ہتھیاروں کی خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے، جس سے خطے میں سکیورٹی کی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ تاہم، طالبان نے ان الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام ہتھیاروں کو محفوظ طریقے سے ذخیرہ کر رہے ہیں اور ان کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث نہیں ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس صورتحال پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ طالبان سے اسلحہ واپس لینا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اسلحہ افغانستان میں امن و امان کی صورتحال کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔







