
خلیج اردو
اسلام آباد، 18 اپریل 2025
بجلی کے شعبے میں گردشی قرض کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نجات کیلئے حکومت کا بڑا اقدام، بینکوں نے آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کی تجویز مان لی ہے۔ ذرائع کے مطابق آج یا کل حکومت اور بینکوں کے درمیان قرض کی فراہمی سے متعلق معاہدے پر دستخط متوقع ہیں۔
معاہدے کے تحت بینک پانچ سال کے لیے 1272 ارب روپے کا قرض فراہم کریں گے۔ یہ قرض مارکیٹ ریٹ سے اعشاریہ 9 فیصد کم مارک اپ پر دیا جائے گا۔ اس وقت شرح سود 12 فیصد ہے، لیکن اس معاہدے کے تحت حکومت کو 11.4 فیصد شرح سود پر قرض ملے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے بجلی کے شعبے میں مالی دباؤ کم ہوگا اور گردشی قرضے کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ وزارت خزانہ اور پاور ڈویژن کی مشترکہ کاوشوں سے تیار کردہ یہ منصوبہ توانائی بحران کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔







