پاکستانی خبریں

پنجاب اسمبلی کے باہر صحت کے شعبے سے وابستہ ملازمین  کا دھرنا، مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں، اوپی ڈیز پھر بند

خلیج اردو
لاہور، 18 اپریل 2025
گرینڈ ہیلتھ الائنس نے اپنے مطالبات کے حق میں پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دیا، جس کے دوران مظاہرین کی ایوان وزیر اعلیٰ جانے کی کوشش پر پولیس سے جھڑپیں ہو گئیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا، جس کے باعث صورتحال کشیدہ ہو گئی۔

مظاہرین میں نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹرز شامل تھے، جنہوں نے لاہور جنرل ہسپتال سمیت مختلف اسپتالوں کی اوپی ڈیز کو بند کر دیا۔ یہ مسئلہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب گذشتہ روز انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد اوپی ڈی وقتی طور پر بحال کی گئی تھی، مگر آج دوبارہ احتجاج شروع ہوتے ہی اسے بند کر دیا گیا۔

اوپی ڈیز کی بندش سے سب سے زیادہ متاثر وہ مریض ہوئے جو دور دراز علاقوں سے علاج کے لیے آئے تھے۔ ان مریضوں کو بغیر علاج کے مایوس ہو کر واپس جانا پڑا۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، احتجاج جاری رہے گا۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button