
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم نے ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہو چکا ہے اور ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہے، غیر ملکی سرمایہ کار بلاخوف پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے معاشی بہتری اور روزگار کے زیادہ مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر ڈیڑھ فیصد پر آ گئی ہے جبکہ پالیسی ریٹ 22.5 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے میدان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ہمارے نوجوان ذہین، قابل اور باصلاحیت ہیں، اور وہ جدید تکنیک و پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت قدرتی وسائل سے نوازا ہے، کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں جدت، تحقیق اور ترقی کی طرف بڑھنا ہے۔






