
خلیج اردو
لاہور: پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ کل سے یکم مئی تک گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جب کہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔
ریلیف کمشنر اور پی ڈی ایم اے پنجاب نے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متوقع ہیٹ ویو اور موسمی حالات کے پیش نظر عوام کو بروقت آگاہی اور امداد فراہم کی جائے۔
شدید گرمی سے شہری بے حال ہو گئے ہیں اور گھروں، دفاتر اور کاروباری مراکز میں ایئر کولرز اور ایئر کنڈیشنرز کا استعمال تیزی سے بڑھنے لگا ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر دوپہر کے وقت دھوپ میں کام کرنے والوں کے لیے حفاظتی اقدامات ناگزیر قرار دیے جا رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز تک ملک بھر میں بارش کا کوئی امکان نہیں، جس کے باعث گرمی کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہلکے رنگ کے کپڑے پہننے، سر کو ڈھانپنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔






