
خلیج اردو
اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر عاصم افتخار نے فلسطینیوں کو امداد دینے کو ان کا قانونی حق قرار دیا اور کہا کہ یہ کسی رعایت کی صورت میں نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ میں امن، انصاف اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے عالمی برادری سے واضح مؤقف اپنانے کی اپیل کی۔
عاصم افتخار نے کہا کہ قحط کو بطور ہتھیار استعمال کرنا انسانیت کے خلاف جرم ہے، اور اس تنازعے میں اسرائیل نے جنگ کو سفارتکاری پر ترجیح دی ہے۔ اب تک 52 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور مغربی کنارے میں سنگین بحران جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 40 ہزار فلسطینیوں کو جبراً بے دخل کیا گیا اور اسرائیل نے غزہ کے 30 فیصد علاقے کو سیکیورٹی بفر زون میں تبدیل کر دیا ہے۔
سفیر نے کہا کہ جنگ بندی کے بغیر انسانی تحفظ اور سیاسی عمل کی کامیابی ممکن نہیں ہے۔







