پاکستانی خبریں

وزیراعظم سے ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل دیما الیحییٰ کی ملاقات، پاکستان کو خطے کی موزوں ترین ڈیجیٹل مارکیٹ قرار

خلیج اردو
اسلام آباد، 30 اپریل 2025

وزیراعظم شہباز شریف سے ڈیجیٹل تعاون تنظیم (DCO) کی سیکرٹری جنرل دیما الیحییٰ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت، نوجوانوں کی تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے گفتگو کے دوران کہا کہ ایک ہزار سے زائد عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستان آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اب دنیا کی ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشتوں میں سے ایک بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 کروڑ آبادی کے ساتھ پاکستان خطے کی سب سے موزوں ڈیجیٹل مارکیٹ ہے، اور نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیاں نہ صرف مقامی سطح پر کاروبار کو فروغ دے رہی ہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کو بھی ممکن بنا رہی ہیں۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے نتیجے میں ملک کے نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جس سے نہ صرف معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بھی بہتر ہوگی۔

دیما الیحییٰ نے پاکستان میں ڈیجیٹل فورم کے کامیاب انعقاد پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس فورم میں شرکت کو اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ ڈیجیٹل تعاون تنظیم پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button