
خلیج اردو
اسلام آباد، 30 اپریل 2025
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پہل نہیں کرے گا، تاہم اپنی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت پہلگام واقعے پر پاکستان کے خلاف ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شک ہے کہ یہ واقعہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کے بہانے کے طور پر رچایا گیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو یہ پاکستان کے خلاف اعلان جنگ تصور کیا جائے گا، اور اس بار ماضی کی طرح خاموشی نہیں برتی جائے گی بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاستدان خود اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ ان کی حکومت ناکام ہو چکی ہے اور اب پاکستان پر الزامات لگا کر اپنی ناکامیاں چھپائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے جھوٹے بیانیے کو تسلیم نہ کرے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ یہ ناقابل قبول ہے کہ دنیا میں کہیں بھی کوئی واقعہ ہو اور فوراً الزام پاکستان پر دھر دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہو رہی ہے، چین اور ترکیہ جیسے اہم ممالک نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور اعلان کیا ہے کہ وہ ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے اپنے خطاب کے اختتام پر اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور ہر فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا۔






