
خلیج اردو
اسلام آباد، 30 اپریل 2025
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے رابطہ کر کے خطے کی حالیہ کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان پر بھارتی الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، اور اگر بھارت کسی مہم جوئی کی کوشش کرتا ہے تو پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی نہ صرف مذمت کرتا ہے بلکہ اس کے خلاف عملی اقدامات بھی کرتا آیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پہلگام واقعے پر پاکستان نے غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔
بات چیت کے دوران وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت دریاؤں کا پانی پاکستان کی 24 کروڑ آبادی کی زندگی سے جڑا ہوا ہے اور بھارت کی جانب سے کسی بھی خلاف ورزی کو پاکستان ناقابل قبول تصور کرتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو ذمہ داری، سنجیدگی اور تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے، جس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق نکالا جانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے انتونیو گوتریس سے اپیل کی کہ وہ اس اہم معاملے پر مؤثر کردار ادا کریں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ دنیا موجودہ نازک حالات میں جنوبی ایشیا میں کسی بھی قسم کی کشیدگی کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔






