پاکستانی خبریں

اسلام آباد میں بڑی سفارتی بیٹھک، چین نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی کرا دی

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ کی اہم ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا کے حساس حالات میں چین کی مضبوط حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے 22 اپریل کے واقعے پر چین کی جانب سے فوری حمایت اور شفاف تحقیقات کی توثیق کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانوں کی قربانی دی اور ملک کو 152 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے بعض اقدامات پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو متاثر کر سکتے ہیں، خاص طور پر پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے سے یکطرفہ انحراف کسی بھی فریق کے لیے قابل قبول نہیں ہو سکتا۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔ اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور چین کی طرف سے پاکستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button