
خلیج اردو
لاہور:پاکستان سپر لیگ 10 میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر ایونٹ میں تیسری کامیابی حاصل کرلی، جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو دوسری مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 144 رنز کا ہدف 16.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کرلیا۔ اس فتح میں کپتان بابر اعظم اور نوجوان بلے باز معاذ صداقت نے اہم کردار ادا کیا، دونوں نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔ بابر اعظم نے 53 اور معاذ صداقت نے 55 رنز بنائے۔
دیگر بلے بازوں میں محمد حارث 13، مچل اوون 6 اور صائم ایوب صرف 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں پر 143 رنز بنائے۔ نمایاں کارکردگی صاحبزادہ فرحان کے 36 اور بین ڈوارشیس کے 33 رنز تھے۔
گیند بازی میں لاہور سے تعلق رکھنے والے محمد علی نے زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔







