
خلیج اردو
پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف واویلا کرنے والی حکومت پہلے اپنے جماعتی صدر نواز شریف سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف واضح بیان دلوائے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ نواز شریف وضاحت کریں کہ مودی ان کی کمزوری ہے یا مجبوری۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کشمیریوں کے قاتل مودی کے ساتھ جاتی امرا میں دعوتیں کھانے والے اب اس کے خلاف بیان دینے سے کترا رہے ہیں، جو عوام اور شہداء کے جذبات کی توہین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اور افواجِ پاکستان بھارت کے خلاف متحد ہیں اور ایک پیج پر ہیں، لیکن نواز شریف کی خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اور مودی درپردہ ایک پیج پر ہیں۔
مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ نواز شریف اور ان کے "ایجنٹ” مودی کے خلاف نہ بول کر قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی اور پاکستان کی افواج ہر محاذ پر بھارت کی جارحیت کے خلاف متحد ہیں۔






