
خلیج اردو
واشنگٹن – امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی ٹی وی چینلز فوکس نیوز اور پی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے کی گئی جارحانہ کاروائی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے الزام تراشی کرتے ہوئے جارحیت کی، جو کہ لاقانونیت پر مبنی رویے کی عکاسی کرتا ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ حکومت پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف انکوائری کا مطالبہ کیا ہے جسے عالمی برادری نے سراہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی حملے کے جواب میں پاکستان نے بھرپور دفاعی کاروائی کی اور قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ ہم امن پسند قوم ہیں، لیکن امن ہماری خودمختاری اور وقار کے ساتھ ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو جموں و کشمیر جیسے متنازعہ مسئلے کی سنگینی کو سمجھنا ہوگا اور اس پر توجہ دینا ہوگی۔
سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کی مجموعی 1.6 ارب آبادی مسئلہ کشمیر سے براہ راست متاثر ہوتی ہے، اس لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس مسئلے کا پرامن اور مستقل حل ضروری ہے۔
رضوان سعید شیخ نے امریکہ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے توقع ظاہر کی کہ وہ دنیا کی ایک بڑی طاقت ہونے کے ناطے مسئلہ کشمیر کے حل میں مثبت کردار ادا کریں گے۔






