
خلیج اردو
ویٹی کن سٹی: 9 مئی – ویٹی کن کے مرکزی گرجا سینٹ پیٹرز باسیلیکا کی بالکونی سے جب کارڈینل ڈومینیک مامبرتی نے ’’ہابیماس پاپم‘‘ (ہمارے پاس نیا پوپ ہے) کا اعلان کیا تو مجمع نے خوشی سے نعرے بلند کیے۔ اس کے بعد تجسس پیدا ہوا کہ نیا روحانی پیشوا کون ہوگا۔ یہ اعزاز امریکی کارڈینل رابرٹ پریواسٹ کے حصے میں آیا جنہوں نے اپنے لیے پوپ لیو چہار دہم کا نام منتخب کیا۔
نئے پوپ کا پہلا قدم ان کا منتخب کردہ نام تھا، جو ان کی سوچ، وژن اور ترجیحات کی نشاندہی کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ نام "مزدور دوست پوپ” کی عکاسی کرتا ہے۔ ڈاکٹر ریکس بکارا، جو ماضی میں بینڈک ٹائن راہب کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، کا کہنا ہے کہ چرچ میں نام علامتی پیغام رکھتے ہیں، اور یہ نام واضح پیغام دیتا ہے کہ نیا پوپ سماجی انصاف کا حامی ہوگا۔
پوپ لیو چہار دہم نے یہ نام انیسویں صدی کے پوپ لیو سیز دہم (Leo XIII) سے متاثر ہو کر چنا، جنہوں نے 1891 میں تاریخی مراسلہ رِیرم نووارم جاری کیا، جس میں محنت کشوں کے حقوق، منصفانہ اجرت، اور مزدور یونین بنانے کے حق کو تسلیم کیا گیا تھا۔ اس مراسلے نے کیتھولک چرچ کی سماجی تعلیمات کی بنیاد رکھی، اور پوپ لیو سیز دہم کو "محنت کشوں کے پوپ” کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر بکارا کا کہنا ہے کہ نئے پوپ کا نام ہمیں واضح اشارہ دیتا ہے کہ وہ اپنے پیش رو کی طرح غریبوں، بے دخل افراد اور کمزور طبقات کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوپ لیو چہار دہم کا انتخاب ایسے وقت میں ہوا ہے جب دنیا عدم مساوات اور غربت جیسے مسائل کا شکار ہے، اور چرچ کو نئے جذبے کے ساتھ انسان دوستی کا پیغام دینا ہوگا۔
اپنے پہلے خطاب میں پوپ لیو چہار دہم نے ایک "مشنری چرچ” کا تصور پیش کیا جو امن، محبت، اور مکالمے کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے سابق پوپ فرانسس کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے انسان دوستی پر مبنی پیغام کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
جنوبی عرب کا اپوسٹولک وائسکار بشپ پاؤلو مارٹینیلی نے نئے پوپ کے انتخاب پر خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ ان کی قیادت انسانیت اور کلیسا کے لیے اتحاد، امن اور امید کی علامت بنے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ متحدہ عرب امارات کے تمام گرجا گھروں میں نو منتخب پوپ کے لیے 9 مئی کو خصوصی دعائیں اور دعائیہ اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔
شکاگو میں پیدا ہونے والے پوپ لیو چہار دہم نے 1977 میں آوگسٹینی آرڈر میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں پیرو میں بطور مشنری پادری خدمات انجام دیں۔ 2001 سے 2013 تک انہوں نے اپنے آرڈر کے پرائر جنرل کے طور پر کام کیا۔ پوپ فرانسس نے انہیں 2015 میں پیرو کے شہر چکلایو کا بشپ مقرر کیا اور 2023 میں کارڈینل بنا کر بشپوں کے شعبے کا سربراہ بنایا۔
ڈاکٹر بکارا کے مطابق آوگسٹینی راہب سادگی، سماجی قربت اور عاجزی کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر پوپ لیو چہار دہم آوگسٹینی جذبے کو پوپ کی حیثیت سے جاری رکھیں، تو ہمیں ایک ایسا چرچ ملے گا جو سننے والا، ہم درد، اور سوالات کو اہمیت دینے والا ہوگا – ایسا چرچ جو لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلے گا۔







