خلیج اردو
ریاض: 13 مئی 2025 کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے سعودی-یو ایس انویسٹمنٹ فورم 2025 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے امریکہ کا قابلِ اعتماد اتحادی قرار دیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے میں امریکہ کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں ملک دہشتگردی کے خلاف ایک مضبوط اتحادی بن چکے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر ابیے (Abbey) گیٹ حملے میں داعش کے دہشتگرد کی گرفتاری میں پاکستان کے تعاون کو اہم قرار دیا۔
امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ 20 جنوری سے اب تک امریکی افواج نے عراق، شام اور صومالیہ میں 83 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، جس میں پاکستان کا تعاون کلیدی رہا۔ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن کے لیے جو کردار ادا کیا ہے، وہ قابلِ ستائش ہے اور امریکہ اس کا معترف ہے۔
ٹرمپ کے بیان پر دفاعی ماہرین نے کہا کہ یہ اعلان بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور دہشتگردی کے خلاف اس کے مؤثر کردار کی توثیق ہے۔ ماہرین کے مطابق ٹرمپ کے بیان سے واضح ہو گیا کہ بھارت دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے، جبکہ پاکستان اس کے خلاف عالمی امن اور تحفظ کا علمبردار ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے اس واضح اور بے باک بیان نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان عالمی سطح پر دہشتگردی کے خلاف ایک مؤثر طاقت ہے اور اس کی قربانیوں کو اب نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔






