پاکستانی خبریں

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک، 2 جوان شہید

خلیج اردو
پشاور، 19 مئی 2025:
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 17 اور 18 مئی 2024 کو ہونے والی کارروائیوں میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی گروہ "فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ ان کارروائیوں کے دوران دو جوان بھی وطن پر قربان ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن (IBO) ضلع لکی مروت میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو انجام تک پہنچا دیا۔

دوسری کارروائی ضلع بنوں میں کی گئی جس میں مزید دو خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایک اور واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں پیش آیا، جہاں دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ اہلکاروں نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو مزید خوارج کو ہلاک کر دیا۔ تاہم، فائرنگ کے تبادلے میں دو بہادر سپوت شہید ہو گئے۔ شہداء میں 29 سالہ سپاہی فرہاد علی توری (ضلع کرم) اور 32 سالہ لانس نائیک صابر آفریدی (ضلع کوہاٹ) شامل ہیں۔

فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ باقی ماندہ دہشتگردوں کا صفایا کیا جا سکے۔ پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ وہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی اور ہمارے سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button