پاکستانی خبریں

عمران خان نے 8 فروری الیکشن والے دن اپنا پولی گراف ٹیسٹ کرایا تھا، اب وقت ہے کہ یہ ٹیسٹ نواز شریف کا کیا جائے،بیرسٹر سیف

خلیج اردو
پشاور — خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بیرون ملک جائیداد رکھنے والے تمام افراد کا پولی گراف ٹیسٹ ہونا چاہیے، اور اس ضمن میں پہلا ٹیسٹ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا لیا جائے، جو پاک بھارت کشیدگی پر خاموش رہے۔

بیرسٹر سیف نے ایک بیان میں کہا کہ عوام نے بانی تحریک انصاف اور شریف خاندان کا "پولی گراف ٹیسٹ” 8 فروری 2024 کو اپنے ووٹ کے ذریعے کر دیا تھا، اس لیے جعلی مینڈیٹ سے آئی حکومت کو یہ حق نہیں کہ وہ بانی پی ٹی آئی کا پولی گراف ٹیسٹ کرے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ حکومت جعلی ہے اور اگر یہ پولی گراف ٹیسٹ کراتی ہے تو اس کے نتائج بھی جعلی ہوں گے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے خلاف بنائے گئے مقدمات بھی جعلی ہیں، اور ان مقدمات کے پیچھے موجود عناصر کا بھی پولی گراف ٹیسٹ ہونا چاہیے تاکہ سب کچھ بے نقاب ہو جائے۔

بیرسٹر سیف نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جعلی راجکماری مریم نواز سمیت پورے شریف خاندان کا پولی گراف ٹیسٹ ہونا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی نہ کوئی بیرون ملک جائیداد ہے اور نہ ہی کوئی اور اثاثہ، اور سپریم کورٹ انہیں پہلے ہی صادق اور امین قرار دے چکی ہے۔

مشیر اطلاعات نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے احتساب کا ڈھونگ رچا رہے ہیں، جبکہ اصل احتساب وہ ہے جو عوام کی عدالت میں ہو چکا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button