
خلیج اردو
اسلام آباد – وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران دوست ممالک نے پاکستان کے حق پر مبنی بیانیے کا بھرپور ساتھ دیا، جبکہ بھارت کی جانب سے پھیلایا گیا جھوٹا بیانیہ ناکام ہو گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو سنجیدگی سے سنا گیا اور سچ کی فتح ہوئی۔
عطا تارڑ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنگ میں جس بہادری، دلیری اور تدبر کا مظاہرہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے ہمیں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جس میں قوم کی دعاؤں اور افواج پاکستان کی قربانیوں کا کلیدی کردار رہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کے سوشل میڈیا نے بھی اہم اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ نوجوانوں نے دشمن کی جھوٹی مہمات کا بھرپور جواب دیا اور پاکستان کے مؤقف کو دنیا بھر میں اجاگر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے نہ صرف میدان جنگ میں بلکہ سفارتی، ابلاغی اور اخلاقی محاذ پر بھی کامیابی حاصل کی، اور یہ تمام شعبوں کے باہمی اتحاد و تعاون کا نتیجہ ہے۔






