پاکستانی خبریں

شہباز شریف کا 10 ارب ہرجانہ کیس: وزیراعظم کی ویڈیو لنک پر عدالت میں پیشی، سماعت 2 جون تک ملتوی

خلیج اردو
لاہور – بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے دائر 10 ارب روپے ہرجانے کے مقدمے کی سماعت لاہور کی مقامی عدالت میں ہوئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے اور جج سمیت تمام شرکاء کو پاکستان کی حالیہ کامیابی پر مبارکباد دی۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ فتح پوری قوم کی ہے اور بہت خوشی کی بات ہے۔ وکیل نے وزیر اعظم سے سوال کیا کہ کیا بانی پی ٹی آئی نے ان پر تحریری طور پر الزام لگایا تھا؟ اور کیا سیاست میں وزیر اعظم خود بھی اس قسم کے الزامات نہیں لگاتے رہے؟

وزیر اعظم شہباز شریف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ان پر الزام صرف تحریری طور پر نہیں بلکہ ٹی وی پر بارہا پوری دنیا کے سامنے دہرایا، اور ان کے وکیل نے بھی یہ بیانات سنے ہوں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ کبھی ثبوت کے بغیر الزام نہیں لگاتے۔

وکیل نے پانامہ کیس سے متعلق سوال اٹھایا اور کہا کہ وزیر اعظم اس حوالے سے حقائق چھپا رہے ہیں۔ جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ یہ الزام درست نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد ترکیہ، آذربائیجان اور ایران کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، لہٰذا غیر ضروری سوالات سے گریز کیا جائے۔

عدالت نے سماعت 2 جون تک ملتوی کر دی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button