
خلیج اردو
اسلام آباد – فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہلال ٹاکس کے فکری مکالمے میں شرکت کی، جس کا مقصد قومی، علاقائی اور عالمی امور پر مکالمے کو فروغ دینا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلال ٹاکس میں ملک بھر سے آئے 1800 ماہرین تعلیم اور طلبہ نے شرکت کی، جن میں بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے جنوبی اضلاع سے آنے والے شرکاء کی بھرپور نمائندگی شامل تھی۔
فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں تعلیمی اداروں کو قومی ہم آہنگی، ترقی اور استحکام کے مراکز قرار دیا۔ انہوں نے علمی معیشت کی ضرورت اور تنقیدی سوچ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحقیق کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے پاک فوج حکومت کے اقدامات پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔
انہوں نے فوج کی جانب سے تعلیمی ماحول کی بہتری اور تحقیق کے فروغ کیلئے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔ شرکاء نے ہلال ٹاکس کو تحقیق اور مکالمے کے فروغ کیلئے ایک مؤثر قدم قرار دیتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا۔
تقریب کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ پاکستان کو ایک محفوظ، مستحکم اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے تمام طبقات مشترکہ طور پر کردار ادا کریں گے۔






