پاکستانی خبریں

سوراب میں دہشت گردوں کا منظم حملہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت بلیدی شہید، متعدد عمارات نذر آتش

سوراب میں دہشت گردوں کا منظم حملہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت بلیدی شہید، متعدد عمارات نذر آتش

خلیج اردو
سوراب، 30 مئی 2025
بلوچستان کے ضلع سوراب میں جمعہ کی شام 60 سے زائد مسلح افراد نے شہر کے مختلف حصوں پر منظم حملہ کیا جس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ہدایت بلیدی شہید ہو گئے۔ شدت پسندوں نے متعدد سرکاری دفاتر اور افسران کی رہائش گاہوں کو نذر آتش کرنے کے ساتھ ساتھ ایک بینک کو بھی لوٹ لیا۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔

حکام کے مطابق مسلح افراد شام کے وقت مختلف سمتوں سے شہر میں داخل ہوئے اور ڈپٹی کمشنر آفس، پولیس تھانہ، لیویز تھانہ سمیت اہم تنصیبات پر قبضہ کر لیا۔ حملہ آور تقریباً دو گھنٹے شہر کے حساس علاقوں پر قابض رہے۔ جانے سے پہلے انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے گھروں، پولیس اور لیویز تھانوں، اور بینک کو نذر آتش کر دیا۔

ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت بلیدی نے حملہ آوروں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان نے اس حملے کو ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش قرار دیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز علاقے میں سرچ آپریشن کر رہی ہیں۔

سوراب شہر کوئٹہ سے تقریباً 250 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے اور قلات ڈویژن کا حصہ ہے۔ ماضی میں سوراب میں امن و امان کی صورتحال دیگر اضلاع کے مقابلے میں نسبتاً بہتر رہی ہے، تاہم اس حملے کو آبادی کے لحاظ سے کسی بڑے شہر میں اپنی نوعیت کی ایک بڑی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برسوں میں قلات ڈویژن کے مختلف علاقوں میں مسلح کارروائیاں، قومی شاہراہوں پر ناکہ بندیاں، اور بدامنی کے دیگر واقعات بھی رونما ہو چکے ہیں۔ تاہم حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کیا گیا ہے۔

BBC URDU

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button