پاکستانی خبریں

حکومت ہر سطح پر افواجِ پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی تاکہ وہ قوم کے دفاع کی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیتی رہیں،وزیرِاعظم شہباز شریف کا کوئٹہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا دورہ، پاک فوج کی کارکردگی کو خراجِ تحسین

خلیج اردو
راولپنڈی، 31 مئی 2025: وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آج کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کا دورہ کیا اور فیکلٹی و گریجویٹنگ افسران سے خطاب کیا۔

وزیرِاعظم نے "بنیان مرصوص” کے دوران پاک افواج کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں، جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملکی خودمختاری، سرحدوں کے تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے پاک افواج کا کردار نہایت اہم ہے۔ حکومت ہر سطح پر افواجِ پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی تاکہ وہ قوم کے دفاع کی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیتی رہیں۔

وزیرِاعظم نے قومی مفادات کے حصول اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام قومی اداروں اور طاقت کے عناصر کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ "معرکۂ حق” میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت نے پاکستان میں اپنی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان کے ذریعے دہشت گردی کی مہم میں شدت لائی ہے، تاہم انہوں نے پختہ عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کی قوم بھارتی سازشوں اور فتنہ الہندوستان جیسے ایجنٹوں کو ان شاء اللہ ناکام بنائے گی۔

اس سے قبل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج آمد پر وزیرِاعظم کا استقبال چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button