پاکستانی خبریں

سیاست ہم پر چھوڑ دیں‘: صدر آصف زرداری کی پاکستانی کرکٹرز سے مؤثر نصیحت، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

خلیج اردو
لاہور: صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو سیاست سے دور رہنے کا مشورہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں سے ملاقات کے دوران صدر زرداری نے کھلاڑیوں سے کہا، "سیاست ہم پر چھوڑ دیں، یہ ہم جیسے لوگوں کا کام ہے جو 14 سال قید کاٹ سکتے ہیں، آپ ایسا نہیں کر سکتے۔”

اس موقع پر صدر نے پاکستانی کھلاڑیوں کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہوئے مسکراہٹ کے ساتھ نصیحت کی کہ وہ سیاست سے دور رہیں اور اپنے کھیل پر توجہ مرکوز رکھیں۔ ان کے اس انداز اور جملے پر ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا سمیت کئی کھلاڑیوں نے قہقہہ لگایا۔

صدر آصف زرداری نے نہ صرف دونوں ٹیموں کو حوصلہ افزائی دی بلکہ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پاکستان اور بنگلہ دیش کے برادرانہ تعلقات پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کھیل، تجارت اور دیگر شعبوں میں بنگلہ دیش سے تعاون جاری رکھے گا، اور ماضی کی دوری کو تکلیف دہ قرار دیا۔

صدر کے اس بیان پر پاکستانی سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ کئی صارفین نے ان کی بات کو کرکٹ ٹیم کے لیے سنہری نصیحت قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا، "پہلی بار زرداری صاحب کی کسی بات سے مکمل اتفاق ہوا ہے۔”

جبکہ کچھ افراد نے اسے کرکٹ میں مداخلت سے تعبیر کیا۔ وقاص خان نے تنقید کرتے ہوئے کہا، "زرداری صاحب نے پاکستان کرکٹ کی جڑوں پر وار کیا ہے۔”

کرکٹ ٹیم میں جاری سیاسی ماحول کی بازگشت ایک عرصے سے سنائی دے رہی ہے، خاص طور پر بابر اعظم کی بار بار کپتانی سے ہٹائے جانے اور دوبارہ تعیناتی نے ٹیم میں گروپ بندی کی افواہوں کو ہوا دی۔ حالیہ برسوں میں محمد رضوان، شاہین آفریدی اور اب سلمان علی آغا کو بھی کپتانی سونپی جا چکی ہے، جس سے ٹیم میں عدم استحکام نمایاں ہوا ہے۔

کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ صدر کا بیان ٹیم میں جاری سیاسی کشمکش پر ایک غیر رسمی مگر اہم تبصرہ ہے، جو شاید کھلاڑیوں کو خوداحتسابی پر مجبور کرے۔ صدر کے مشورے کو اگر سنجیدگی سے لیا جائے تو یہ پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے۔

BBC URDU

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button