
خلیج اردو
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارت کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کو شدید الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بیانات خطے میں امن کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں اور عدم استحکام کو ہوا دینے کی کوشش ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی قیادت کی طرف سے پاکستان کے خلاف دیے گئے بیانات حقائق کے منافی ہیں اور ان کا مقصد دنیا کی توجہ بھارت کے اندرونی مسائل اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے ہٹانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو علاقائی عدم استحکام کا ذمہ دار ٹھہرانا ایک گمراہ کن کوشش ہے، جب کہ عالمی برادری بھارت کی دہشت گردی میں ملوثی کے ناقابل تردید شواہد سے آگاہ ہے۔
ترجمان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کا دیرینہ تنازع خطے میں امن و سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے اور جب تک اس مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق نہیں نکلتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر مکمل یقین رکھتا ہے۔
دفتر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی رہنماؤں کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات میں شدت آئی ہے، جنہیں مبصرین انتخابی ماحول میں سیاسی فائدے کے لیے اٹھایا گیا قدم قرار دے رہے ہیں۔ پاکستان نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو خطے میں اشتعال انگیزی اور امن دشمن اقدامات سے باز رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے۔






