
خلیج اردو
کراچی: معروف پاکستانی اداکار منیب بٹ کا قربانی کے لیے لایا گیا اونٹ اچانک بھاگ نکلا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔ وائرل کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اونٹ ایک گلی سے تیزی سے نکل رہا ہے جبکہ لوگ خوف کے مارے ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں۔
اداکارہ منال خان نے اس واقعے پر انسٹاگرام اسٹوری میں ردعمل دیتے ہوئے منیب بٹ اور ان کی اہلیہ ایمن خان کو ٹیگ کیا اور ہنستے ہوئے لکھا: "آپ کا اونٹ تو وائرل ہو گیا!”
اداکار منیب بٹ نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے معلوم ہوا کہ چند بچوں نے اونٹ کو پتھر مارے، جس سے وہ ڈر گیا اور رسی توڑ کر فرار ہو گیا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کو سکھائیں کہ قربانی کے جانوروں سے حسنِ سلوک سے پیش آنا چاہیے کیونکہ یہ جانور نہ صرف اللہ کی راہ میں قربان کیے جاتے ہیں بلکہ ان سے بدسلوکی اخلاقی طور پر بھی غلط ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی اس واقعے پر مختلف تبصرے سامنے آ رہے ہیں، کچھ لوگوں نے اس ویڈیو کو مزاحیہ قرار دیا تو کچھ نے بچوں کے اس رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔






