
خلیج اردو
نئی دہلی، 15 جون 2025
بھارت میں فضائی مسافروں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مسافر طیارے کے حالیہ حادثے کے بعد اب ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ ریاست اتراکھنڈ کے مقدس مقام کیدرناتھ میں ایک ہیلی کاپٹر خراپ موسم کے باعث گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں سوار تمام 7 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر کیدرناتھ سے پرواز کے دوران شدید دھند اور تیز ہوا کے باعث قابو سے باہر ہو کر پہاڑی علاقے میں جا گرا۔ ریسکیو اداروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں، تاہم تمام مسافر موقع پر دم توڑ چکے تھے۔
حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر ایک نجی کمپنی کی ملکیت تھا، جو یاتریوں کو کیدرناتھ درشن کے لیے لے جا رہا تھا۔ سول ایوی ایشن حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور فضائی سفر کے حفاظتی انتظامات پر نظر ثانی کی جارہی ہے۔
یہ حادثہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب ملک میں فضائی سفر کے نظام پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، خصوصاً حالیہ ایئر انڈیا کے حادثے کے بعد عوامی تشویش میں مزید اضافہ ہوا ہے۔







