
خلیج اردو
غزہ، 15 جون 2025
غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ ترین فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں میں مزید 58 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ایک امدادی مرکز کے قریب حملہ کر کے 15 افراد کو شہید کر دیا، جبکہ باقی شہادتیں غزہ کے دیگر علاقوں میں ہوئیں جہاں مسلسل بمباری جاری ہے۔
فلسطینی حکام کے مطابق غزہ کی پٹی میں صورتحال نہایت ابتر ہو چکی ہے، کئی علاقے مکمل طور پر محصور ہیں، اور بنیادی ضروریات کی فراہمی معطل ہے۔ 3 روز سے جاری بلیک آؤٹ کے بعد اب انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے جس سے متاثرہ علاقوں سے محدود اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
فلسطینی مزاحمتی گروہوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں میں ایک صہیونی فوجی بھی ہلاک ہوا ہے، تاہم اسرائیلی حکام کی جانب سے اس کی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔
غزہ میں انسانی بحران مزید گہرا ہو گیا ہے، طبی سہولیات ختم ہو رہی ہیں اور متاثرین کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی جانب سے فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کی اپیلیں جاری ہیں، لیکن تاحال اسرائیلی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔





